عالم اسلام ایرانی قوم کے حقوق کی حمایت کرے:شہزادہ الفیصل
ریاض،10جون(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)سعودی عرب کے سابق انٹیلی جنس چیف شہزادہ ترکی الفیصل نے کہا ہے کہ ایرانی قوم آیت اللہ علی خمینی کے قائم کردہ ولایت فقیہ کے نظام حکومت اور اس کے مظالم سے سب سے زیادہ متاثر ہوئی۔ انہوں نے عالم اسلام سے خمینی رجیم سے نجات دلانے کے لیے ایرانی قوم کا ساتھ دینے کا مطالبہ کیا۔ شہزادہ ترکی الفیصل نے ان خیالات کا اظہار فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ایرانی اپوزیشن کی جانب سے منعقد کردہ ایک کانفرنس سے خطاب میں کیا۔انہوں نے کہا کہ ایران میں ولایت فقیہ کے نظام کے ظلم کا سب سے زیادہ شکار وہاں کے عوام ہوئے ہیں۔ ایران کے مرشد اعلیٰ نے ایران سے باہر دوسرے ملکوں کے اندرونی معاملات میں بھی دخل اندازی سے گریز نہیں کیا۔شہزادہ الفیصل نے کہا کہ خمینی رجیم نے نہ صرف اپوزیشن اور سیاسی کارکنوں کو کچلنے کی کوشش کی بلکہ پورے ایران میں نسل اور مذہب کی بنیاد پر بھی تفریق کرتے ہوئے مظالم ڈھائے گئے۔خیال رہے کہ گذشتہ روز پیرس میں ایرانی اپوزیشن کی جانب سے میں ایرانی رجیم کا تختہ الٹنا چاہتا ہوں کے عنوان سے ایک کانفرنس منعقد کی گئی تھی۔ کانفرنس میں ایرانی حزب اختلاف کی نمائندہ شخصیات سمیت دوسرے ملکوں کے سیاسی رہ نماؤں نے بھی شرکت کی۔